کراچی: پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وکٹ سوچ سے زیادہ اسپن بولر کو سپورٹ کررہی تھی، سیمی فائنل میں ہماری پرفارمنس مختلف ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلطیوں سے سیکھنا ضروری ہے، لاہور کے اوورسیز کھلاڑی بہت زبردست ہیں، ناک آؤٹ میں اب ایک ہی موقع ملے گا، اصل مزہ شائقین کرکٹ کے سامنے کھیلنے میں آتا ہے۔
عماد وسیم نے کہا کہ شرجیل نے عرصے بعد کم بیک کیا، اب وہ تیار ہیں، شرجیل کو اسی لیے ڈراپ نہیں کرتا کیونکہ وہ اچھا کھلاڑی ہے، پریکٹس میچز میں شرجیل کی سوچ اور گیم سمجھ آگئی تھی، امید ہے شرجیل سیمی فائنل اور آگے بھی اچھی اننگز کھیلے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی وکٹیں شروع میں بڑے اسکور والی ثابت ہوئیں، اب جو وکٹیں مل رہی ہیں اس میں اسکور کم مقابلہ دلچسپ ہوگیا ہے، لگتا یہی ہے لاہور میں وکٹیں فلیٹ تیار کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: کراچی کنگز کی سیمی فائنل میں رسائی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست
کراچی کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ رضوان بہتری کھلاڑی ہے لیکن ابھی اس کا چانس بن نہیں پارہا ہے، اوورسیز کھلاڑی کا کمبی نیشن بھی دیکھنا پڑتا ہے، ہوسکتا ہے محمد رضوان کو اگلے میچ میں موقع مل جائے۔
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ڈین جونز بہت اچھے کوچ ثابت ہوئے ہیں، ڈین جونز کے ساتھ کام کرنے کا بہت مزہ آتا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، شرجیل خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔