میرپورخاص: کراچی کنگز نے برائیٹو پینٹس کھلاڑی کی کھوج کے تحت 6 فٹ چار انچ طویل القامت باؤلر تلاش کیا جو 80 کی اسپیڈ سے باؤلنگ کروانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برائٹو پینٹس کراچی کنگز کھلاڑی کی کھوج کا دوسرا ٹرائل کیمپ میرپور خاص میں لگایا گیا جس میں علاقے کے باصلاحیت کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
کیمپ میں سولہ سے 23 سال کی عمر کے نوجوان کرکٹرز نے بیٹنگ اور بولنگ کا ٹیلنٹ دکھایا۔
میرپور خاص میں لگائے جانے والے کیمپ میں کراچی کنگز نے 6 فٹ چار انچ طویل عاصم نامی ایسا باصلاحیت باؤلر تلاش کیا جو لمبے قد کے باوجود 80 میل فی گھنٹہ کی اسپیڈ سے گیند کروانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے منتخب ہونے والے کھلاڑی عاصم کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے انکل کے ساتھ بچپن سے ہی باؤلنگ کروانے کی پریکٹس کررہا ہوں تاکہ اچھا فاسٹ باؤلر بن سکوں‘۔
عاصم کا کہنا ہے کہ وہ فاسٹ باؤلر محمد آصف کی طرح سے باصلاحیت باؤلر بن کر ٹیم کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔
سلیکٹرز کا ماننا ہے کہ عاصم کا لمبا قد اُس کی باؤلنگ کے لیے کافی مددگار ہے اور یہ نوجوان محمد عرفان کے بعد دوسرا فاسٹ باؤلر بن کر ابھر سکتا ہے۔
واضح ہے کہ کراچی کنگز کے بینر تلے برائیٹو پینٹس کے تحت کھلاڑیوں کی کھوج کے لیے مختلف علاقوں میں ٹرائل کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے، پہلے مرحلے میں کیمپ حیدرآباد اور پھر میرپور خاص میں لگایا گیا بعد ازاں یہ سندھ کے دیگر علاقوں عمر کوٹ، نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ، دادو میں بھی لگایا جائے گا۔