کراچی: پی ایس ایل کی سب سے بڑی ٹیم کراچی کنگز اور دی آرکیڈینز کے مابین اسپانسر شپ کا معاہدہ طے پاگیا، آرکیڈینز کے سربراہ عقیل کریم ڈھیڈھی کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز اس بار چیمپئن بنے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی ڈیجیٹل کے سی ای او سلمان اقبال اور پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی (اے کے ڈی) کی ملاقات ہوئی۔
دورانِ ملاقات کراچی کنگز اور دی آرکیڈینز کے درمیان اسپانسر شپ کا معاہدہ طے پایا جس پر سلمان اقبال اور عقیل کریم ڈھیڈی نے دستخط کئے، اس موقع پر کراچی کنگز کے سی ای او طارق وصی بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی کنگز اور بحریہ ٹاؤن کے مابین معاہدہ
دی آرکیڈینز کے چیئرمین اے کے ڈی کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کرکٹ کے فروغ میں بہترین کردار ادا کررہی ہے جبکہ سلمان اقبال کی کاوشوں سے ہی پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل اب کراچی میں منعقد کیا جارہا ہے۔
اُن کا کہناتھا کہ پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن کراچی کنگز کے لیے خوش قسمت ثابت ہوگا اور اس بار چیمئن بھی کراچی کی ہی ٹیم بنے گی۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے عقیل کریم ڈھیڈی کو کراچی کنگز کی اعزازی جرسی پیش کی۔