کراچی: کورنگی کراسنگ کے قریب مسلح ڈاکو نے 2 شہریوں کو سرعام لوٹ لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر ڈاکو نے 2 شہریوں کو سرعام لوٹ لیا، مسلح ڈاکو نقدی رقم اور قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تحقیقات کررہے ہیں، متاثرہ افراد نے رابطہ نہیں کیا۔
اس سے قبل 18 مارچ کو کراچی کے علاقے کورنگی میں تاجر سے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے محافظ کی جان لے ل تھی، مقتول گھر کا واحد کفیل و شیرخوار بیٹی کا باپ تھا۔
واضح رہے کہ بے لگام ڈاکو رمضان المبارک میں اب تک 6 شہریوں کی جان لے چکے ہیں، جب کہ رواں سال خاتون سمیت 21 شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیے جاچکے ہیں۔
3 جنوری زمان ٹاؤن مدینہ کالونی میں ڈاکوؤں نے ساحل مسیح کی جان لی، 9 جنوری اسٹیل ٹاؤن میں کریانہ اسٹور مالک عارف کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا۔
15 جنوری کو کورنگی زمان ٹاؤن جنجال پورا گوٹھ میں جواں سال مظفراقبال کی جان لے لی گئی، 22 جنوری کو سکھن پاکستان مشین ٹول فیکڑی کے قریب ڈاکوؤں نے چھریوں کے وار کرکے قائم دین نامی شہری کی جان لے لی۔