کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی ضیا کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 لاکھ روپے کی ڈکیتی اور سیکیورٹی گارڈ کے قتل کا مرکزی ملزم مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کورنگی ضیا کالونی میں پولیس مقابلہ ہوا ہے، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں پچیس لاکھ روپے کی ڈکیتی اور سیکیورٹی گارڈ کے قتل کا مرکزی ملزم مارا گیا، 2 کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کورنگی میں پچیس لاکھ کی ڈکیتی اور سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں ملوث تھا، ہلاک ڈاکو کی شناخت ممتاز کے نام سے ہوئی ہے، دیگر گرفتار ملزمان میں ساجد اور شبیر شامل ہیں۔
ملزم ممتاز نے ساتھیوں کے ہمراہ 17 مارچ کی صبح واردات کی تھی، ملزمان نے کار سوار سے پچیس لاکھ روپے چھینے اور سیکیورٹی گارڈ کو قتل کیا، جاں بحق سیکیورٹی گارڈ کی شناخت امیر احمد کے نام سے ہوئی تھی۔
کراچی میں لوٹ مار کے دوران قتل کے واقعات میں اضافہ
ادھر کراچی کے علاقے فیروز آباد میں ایس آئی یو کی کارروائی میں کشمیری گینگ کے 2 کارندے گرفتار ہو گئے ہیں، راشد کشمیری اور زاہد محمود اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راشد کشمیری پر مختلف تھانوں میں 35 سے زائد مقدمات درج ہیں، جب کہ ملزم زاہد محمود پر 4 سے زائد مقدمات درج ہیں، راشد کشمیری 2016 میں ٹیپو سلطان چوکی پر دستی بم حملے میں بھی ملوث ہے۔
دریں اثنا، کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 10 میں بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں زخمی سمیت 2 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ، چھینے گئے 3 موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی ہے، ملزمان کی شناخت فاتم علی اور کبیر کے نام سے ہوئی ہے۔