کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں پر خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 2017 کے بعد حملہ آور سہیل نے اوورسیز پاکستانی کا شناختی کارڈ بنوایا تھا، دہشت گرد نے کارڈ میں اپنی رہائش اومان لکھوائی ہوئی تھی۔
تحقیقاتی حکام نے پنجگور میں سہیل اوراس کے رشتے داروں کے گھر چھاپہ مار کارروائی کی اور اس دوران خودکش بمبار کے کچھ ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ 2021 کے بعد سے سہیل مختلف سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔
واضح رہے آج صبح کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں دہشت گردوں نےغیرملکی شہریوں کو لے جانے والی گاڑی پر حملہ کیا تھا۔
پولیس نے بتایا تھا کہ حملہ ناکام بناتے ہوئے دو دہشت گردوں کوہلاک کردیاگیا ہے جبکہ گاڑی میں موجودتمام غیر ملکی مہمان محفوظ ہیں۔
حملہ کرنے والے ایک دہشت گرد نے خود کودھماکےسے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس سے مقابلے میں مارا گیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سےدوسیکیورٹی گارڑاورایک راہ گیرزخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے پاس سے بیگ ملا ہے، جس میں دستی بم موجود ہیں، دھماکےکی زد میں قریب موجود ایک موٹر سائیکل اورپک اپ آئی تھی۔