اسلام آباد / کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے شہر قائد میں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور صارفین کو زائد بل بھیجنے کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک سے جواب طلب کرلیا جبکہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں جاری غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک سے جواب طلب کرلیا۔ اعلامیے کے مطابق نیپرا نے کےالیکٹرک کی جانب سے بجلی کے مبینہ زیادہ بلز وصول کرنے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کمپنی کو تفصیلی رپورٹ فوری جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زائد بلز اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق کے الیکٹرک کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ اعلامیے میں صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجلی کے زائد وصول کیے جانے والے بلز اور لوڈ شیڈنگ سے متعلق شکایات نیپرا ریجنل آفس کراچی اور ویب سائٹ پر درج کراسکتے ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے کراچی سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے کے الیکٹرک کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی برقرار
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کی وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب سے ملاقات ہوئی جس میں کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بھی شرکت کی۔
تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نے وزیر برائے توانائی اور کے الیکٹرک کے سی ای او کے سامنے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سمیت اضافی بل کی وصولی کا معاملہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ ’5دن میں کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ میں کمی ہونی چاہیے،بغیراطلاع لوڈشیڈنگ 2گھنٹےسےزیادہ نہیں ہونی چاہیے، کےالیکٹرک اووربلنگ کے ذریعے حاصل کی جانے والی رقم فوری طور پر صارفین کو واپس کرے۔
آفتاب صدیقی نے اعلان کیا کہ اگر پانچ روز کی مہلت کے بعد کے الیکٹرک نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔