کراچی : کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا ہے کہ لیاری بغدادی میں 6 منزلہ عمارت گرنے کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو ایسی عمارتوں میں رہ رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی حسن نقوی حادثے کے 13گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچے اور انتظامیہ اور پولیس کو ہدایات دیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمارت کے ملبے سے اب تک 10لاشیں نکالی جاچکی ہیں، دعا کرتے ہیں کہ ہمیں مزید لاشیں نہ ملیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن 24گھنٹے تک جاری رہے گا، امید ہے کہ اس دورانیے میں ریسکیو کا کام مکمل ہوجائے گا۔
کمشنرکراچی نے کہا کہ ہماری پوری پوری توجہ ریلیف اور ملبے سے لوگوں کو نکالنے پر ہے، 50فیصد تک ریسکیو کا کام کرچکے ہیں۔
کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا کہ سانحے کے سب سے زیادہ ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو ایسی بلڈنگز میں رہ رہے ہیں، اس عمارت کو سندھ بلڈنگ کنٹرول نے نوٹس دے رکھا تھا۔
عمارت کے رہائشیوں کو اپنی اور اپنے اہل و عیال کی جانوں کا خیال کرنا چاہیے، کسی کو گھر سے گھسیٹ کے نکالنا ناپسندیدہ کام ہے، انتظامیہ کسی کو گھر سے گھیسٹ کر نہیں نکالنا چاہتی۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، ادارے مل کر کام کررہے ہیں، پولیس کو غیر ضروری افراد کو ہٹانے کے احکامات دئیے ہیں۔
یہ الزام تراشی کا وقت نہیں اور نہ کسی پر الزام لگانا چاہیے، سب سے ذیادہ ذمہ داری ان افراد کی ہےجو ان عمارتوں میں رہتے ہیں،ایسے افراد اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
انتظامیہ جب نوٹس دے رہی ہے تو عمارت کو خالی کردینا چاہیے تھا،اگر مکین خطرناک عمارتوں سے باہرنکلیں تو انتظامیہ تعاون کرے گی، لیاری میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق رپورٹ طلب کررہے ہیں۔