کراچی : لیاری کے علاقے بغدادی میں رہائشی عمارت گرنے کا واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہوگئی لیاری سانحہ کے دیگر متاثرین کی تلاش کا کام جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔
اس حوالے سے ریسکیو1122 عہدیداران کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے سے ایک اور خاتون کی لاش نکال لی گئی، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد13 ہوگئی۔
کراچی:اس وقت 8 سے زائد زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں، ملبےمیں مزید 10سے12 افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ہیوی میشنری کی مدد سے عمارت کا ملبہ ہٹایا جارہا ہے، ملبہ دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیےمنی ڈمپر طلب کرلیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سانحہ لیاری میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین اور دیگر رشتہ دار سول اسپتال میں جمع ہوگئے۔
انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کی معلومات کے لیے کوئی ہیلپ ڈیسک قائم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے لوگوں کو اپنے پیاروں سے متعلق معلومات کے حصول میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی
یاد رہے کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی تھی، جس کے نتیجے میں 13 افراد دب کر جاں بحق اور چار خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ملبے سے تین ماہ کی بچی کو زندہ نکالا گیا تاہم ملبے میں دبے دیگر افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تیس سے زائد افراد کی ملبے میں دبے ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم ریسکیو ٹیمیں مشینری کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق خستہ حال عمارت گرنے کے باعث اطراف کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں، جس کے بعد عمارت کو خالی کرانے کا نوٹس جاری کیا گیا گیا تھا۔