کراچی : وزیر بلدیات سعید غنی نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر قانونی تعمیرات میں فلیٹ نہ خریدیں، باقاعدہ منظورشدہ عمارتوں میں فلیٹ خریدے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سعید غنی نے لیاری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کراچی میں بہت ساری عمارتوں کو خطرناک ڈکلیئر کیا گیا ہے، مخدوش عمارتوں کے مکینوں کو نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے ہیں، نوٹسز کو مدنظر رکھتے ہوئے مکینوں کو بلڈنگ خالی کردینی چاہیے۔
وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ معاملے میں ایس بی سی اے افسران کی بھی ذمہ داری بنتی ہے، ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے کو معطل کردیا ہے اور عمارت گرنے کے واقعے پر انکوائری کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس شہر میں غیرقانونی تعمیرات کا عذاب ہے، غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈرز کیخلاف کارروائیاں کررہے ہیں، یہ عمارت 1976 کے آس پاس تعمیر کی گئی تھی ، ، مکینوں کو نوٹسز جاری ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں : کراچی : لیاری میں عمارت گرنے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جبری طورپرخالی کرائیں گے تو ہمیں برا بھلا کہا جاتا ہے، اس حوالے سے ہمیں میڈیا کے تعاون کی بھی ضرورت ہے۔
انھوں نے شہریوں سے اپیل کی غیر قانونی تعمیرات میں فلیٹ نہ خریدیں، باقاعدہ منظور شدہ عمارتوں میں فلیٹ خریدے جائیں۔