ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

لیاری کی عمارت کو 2 جون کو آخری نوٹس جاری کیا گیا تھا، سعید غنی

اشتہار

حیرت انگیز

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ لیاری کی عمارت کو 2 جون 2025 کو آخری نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ عمارت کی یوٹیلٹی سروسز ختم کرنے کے لیے خطوط لکھے گئے، گزشتہ سال مئی میں عمارت خالی کروانے کا کہا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2023 اور 2024 میں مکینوں کو دوبارہ نوٹس جاری کیے گئے تھے۔

سعید غنی کے مطابق عمارت کا ملبہ ہٹانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، چھوٹے پلاٹ پر 22 سے 24 فلیٹ بنائے جاتے ہیں، مسائل حل کرنے کے لیے کئی میٹنگز کی گئیں اب مزید تیزی لائیں گے۔

یہ پڑھیں: کراچی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی ، 9 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

صوبائی وزیر نے کہا کہ شہریوں سے درخواست ہے تعاون کریں جان گھر سے زیادہ قیمتی ہے، ہم جانتے ہیں لوگوں نے پیسے جوڑ کر گھر خریدے ہیں، کوئی مستقل حل نکال کر رہائشیوں کے ساتھ فارمولہ طے کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی شہر غیرقانونی تعمیرات کا عذاب ہے، ہمارے ادارے بھی غیرقانونی تعمیرات میں ملوث ہوتے ہیں، خریدار غیرقانونی تعمیرات والے گھر نہ خریدیں تو مسئلہ تقریباً ختم ہوجائے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس غیرقانونی تعمیرات روکنے کے لیے قانون موجود نہیں، ایک ماہ میں سندھ اسمبلی میں ترامیم پیش کریں گے، ہم اپنے افسران کی نااہلی کو نہیں چھپا رہے اس وقت مقصد ریسکیو اور ریلیف ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ افسروں کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے، کارروائی ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں