سندھ پولیس نے قتل اقدام قتل دہشتگردی بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث انتہائی مطلوب لیاری گینگ وار کمانڈر وصی اللہ لاکھو کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا ہے جس میں لیاری گینگ وار کمانڈر وصی اللہ لاکھو کے خلاف انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
آئی جی سندھ نے حکومت سندھ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کی سفارش پر خط لکھا تھا، پولیس حکام کے مطابق وصی اللہ لاکھو جرائم کی سنگین ترین وارداتوں میں ملوث ہے، لیاری پی آئی بی کالونی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں سے بھتہ وصولی میں بھی ملوث ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم وصی اللہ لاکھو فون پر مختلف نمبروں سے بھتہ طلبی کرتا ہے، بیرون ملک سے بیٹھ کر کارندوں کو تاجروں سے بھتہ وصولی کے احکامات دیتا ہے اور بھتہ نا دینے پر تاجروں دکانداروں کو ناصرف دھمکیاں دی جاتی ہیں بلکہ دستی بم حملے اور گولیاں تک چلوائی جاتی ہیں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے اشارے پر کارندے کئی افراد کو قتل اور زخمی بھی کرچکے ہیں، اس خط کے ساتھ وارنٹ گرفتاری، تصویر اور دیگر تفصیلات بھی ارسال کی گئی جس سے اب ملزم کی جلد گرفتاری کی امید کی جاسکتی ہے۔