کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں چھت سے گر کر جاں بحق ہونے والی 6 سالہ بچی سویرا کی والدہ کے خلاف پولیس نے قتل بالسبب کا مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل کراچی کے علاقے لیاری میں واقع نیاآباد کے علاقے میں عمارت کی چھٹی منزل سے 6 سال کی کمر عمر بچی جاں بحق ہوگئی تھی۔ والدین بچی کو لے کر اسپتال پہنچے تو پولیس نے وہی اُن کا بیان ریکارڈ کیا۔
والدین کا کہنا تھا کہ سویرا 2 روز سے مدرسے نہیں جارہی تھی اسی وجہ سے ہاتھ پاؤں باندھ کر اُسے کمرے میں بند کیا تھا مگر معلوم نہیں اُس کے پاؤں کیسے کھلے اور وہ گیلری سے نیچے گر گئی۔
مقتولہ بچی کے ماموں کا کہنا تھا کہ سویرا اپنے مدرسے کے استاد کے تشدد کی وجہ سے نہیں جارہی تھی اور اُسے خوف تھا کہ سبق یاد نہ ہونے پر بہت زیادہ مار پڑے گی۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کی تو یہ بات سامنے آئی کہ سویرا کی والدہ نے اُس کے دونوں ہاتھ باندھے اور خود پڑوسیوں کے گھر چلی گئی، مقتولہ ماں کو کھڑکی سے دیکھنے کے لیے آئی تو نیچے گر کر جاں بحق ہوگئی۔
پولیس نے بچی کی ہلاکت کا ذمہ دار ماں کو قرار دیتے ہوئے سویرا کی والدہ کے خلاف قتل بالسبب کی دفعات کے تحت کلری تھانے میں مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی کے متن میں لکھا گیا کہ سویرا اپنی ماں کی غفلت کی وجہ سے جاں بحق ہوئی، ملزمہ نے بیان دیتے وقت جھوٹ کا سہارا لیا کیونکہ اُس نے صرف ہاتھ باندھے تھے۔