کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی نااہلی، غلفت اور کرپشن کی وجہ سے ٹینکر موت کا پروانہ بن گئے۔
جماعت اسلامی کراچی کے تحت ملیر ہالٹ واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ عبدالقیوم، اہلیہ اور نومولود بچہ ٹینکر کی زد میں آ کر جاں بحق ہوئے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ ڈمپر و ٹینکر کا مسئلہ انتظامی ہے سیاسی نہیں۔
منعم ظفر نے کہا کہ گزشتہ سال 700 سے زائد شہری جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے، ایس او سے ڈی آئی جی سب لوگ رشوت کا بازار گرم کرتے ہیں، آئی جی سے لے کر وزیر اعلیٰ تک ان کا حصہ پہنچایا جاتا ہے، وزیر اعلیٰ، وزیر ٹرانسپورٹ، آئی جی اور ڈی آئی جی کہاں ہیں؟
یہ بھی پڑھیں: ملیر ہالٹ پر واٹر ٹینکر سے حاملہ خاتون اور شوہر کی موت کا مقدمہ درج
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ڈمپر و ٹینکر کے واقعات پر کیوں ایکشن نہیں لیا جاتا، ٹریفک اہلکار قوانین پر عملدرآمد کے بجائے موٹرسائیکل و گاڑی والوں سے رشوت لیتے ہیں، ہیوی ٹریفک سے متعلق فیصلہ کیا گیا کہ اوقات کار رات 11 سے صبح 6 بجے ہیں، اوقات کار کے تعین کے باوجود دن دہاڑے ڈمپر و ٹینکر کیسے چل رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات سے بچنے اور قوانین سے متعلق مہم چلائی جائے گی، ٹریفک قوانین کی پابندی کے حوالے سے کوئی مہم نہیں چلائی گئی، مہم چلتی ہیں تو ایسی شاہراہ کے حوالے سے جو ابھی بنی ہی نہیں ہے، آج 3 معصوم شہریوں کا جنازہ تھا جس میں جماعت اسلامی کی پوری ٹیم شامل تھی، جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اپنا طرز عمل درست کر لیں جماعت اسلامی عوام کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑ سکتی، ٹرالر و ڈمپر کو شہر میں آنے سے روکا جائے میڈیا کے ذریعے سے عوام کو آگاہی فراہم کی جائے، پولیس کی جانب سے رشوت کا بازار فوری طور پر ختم کیا جائے۔
منعم ظفر نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس میں کراچی میں رہنے والے شہری کو بھرتی کیے جائیں، ٹریفک پولیس اہلکاروں کا کراچی سے کوئی لینا دینا نہیں، 5 اپریل کو آئی جی آفس پر احتجاجی دھرنا دیں گے اور ضرورت پڑنے پر وزیر اعلیٰ ہاؤس بھی جائیں گے۔