کراچی : ایک ہی موبائل مال میں دو مرتبہ تالا توڑ کر ایک کروڑ روپے مالیت کی نقب زنی کرنے والا ملزم موبائل مال کا ہی دکاندار نکلا۔ فلموں میں دیکھ کرسی سی ٹی وی پراسپرے کاطریقہ سیکھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے موبائل مارکیٹ صدر میں 36گھنٹے کی طویل ترین چوری کرنے والے ملزم نے مزید انکشافات کیے ہیں۔ موبائل مال میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی نقب زنی میں ملوث ملزم خود دکاندار نکلا۔
ملزم نے فلموں میں دیکھ کر سی سی ٹی وی کیمرے پر اسپرے کرنے کا طریقہ سیکھا، ملزم نے بتایا کہ موبائل مال میں پہلے بھی50لاکھ کی نقب زنی بھی کرچکا ہوں، 4ماہ قبل اسی مال میں50 لاکھ کی نقب زنی کی تھی۔
ملزم کے مطابق ایک سال سے اسی موبائل مال میں موبائل فون کا کاونٹر کرائے پر لے رکھا ہے، ملزم نے انکشاف کیا کہ5 روزقبل45 لاکھ سے زائد کےموبائل فون چوری کیے۔
ملزم یاسر اعوان نقب زنی کے لیے مال کے اندر36گھنٹےتک موجود رہا تھا، ملزم نے3روز تک پیٹیز اور بسکٹ کھا کر گزارا کیا، ملزم نے فرار ہونے کے لیے بینک کے تالے توڑ دیے تھے لیکن ناکام رہا۔
ملزم نے انکشاف کیا کہ وارداتیں مکمل ہونے کےبعد اپنے کاؤنٹر پرچوری کا مال چھپایا، ملزم نے وارداتوں کے بعد چھپنے کے لیے ایک خالی دکان کا انتخاب کیاتھا، پولیس کے مطابق فرانزک ٹیسٹ میں7موبائل فون گزشتہ نقب زنی میں چوری کیے گئے نکلے۔
مزید پڑھیں : کراچی کی صدر موبائل مارکیٹ میں36 گھنٹے تک چوری کرنے والا ملزم گرفتار
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے صدر میں موبائل مارکیٹ میں طویل ترین چوری کی واردات کرنے والا ملزم پریڈی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتارکیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم یاسر اعوان سے واردات میں چوری کئے گئے80فیصد موبائل فون اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، ملزم یاسر نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ ہفتے کی رات سے پیر کی صبح تک موبائل مارکیٹ میں ہی چھپا رہا۔