کراچی: گزشتہ روز کراچی کے علاقوں گلبرگ اور عزیز آباد میں پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والے 5 ملزمان انتہائی مطلوب ڈاکو نکلے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ روز پولیس مقابلے میں گرفتار ہونے والے زخمی ڈاکو انتہائی مطلوب ملزمان نکلے ہیں، ڈاکوؤں کا یہ گروہ بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کو راستے میں لوٹ لیتا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 5 ماہ قبل عزیز آباد کے علاقے میں بینک سے رقم نکلوانے والے شہری سے 5 لاکھ 60 ہزار رو پے چھینے تھے۔
گرفتار زخمی ڈاکوؤں نے دوسری واردات 3 ماہ قبل فیڈرل بی ایریا کے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری سے 13 لاکھ رو پے چھین کر کی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں نے گارڈن اور گارڈن ایسٹ میں بھی بینک سے رقم لے کر نکلنے والے درجنوں شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔
گینگ کا ایک رکن شاہزیب پہلے ہی گرفتار ہو چکا ہے، جس کی لوٹ مار کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔