کراچی: شہر قائد میں گینگ وار کے ملزمان کا نیا دھندہ بے نقاب ہوا ہے، اگر منشیات خریدنے کے پیسے نہیں تو کوئی بھی قیمتی چیز دے کر منشیات لی جا سکتی ہیں، ضلع کیماڑی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے رات گئے جہان آباد میں گینگ وار ارشد پپو گروپ کے اڈے پر چھاپا مار کر 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی، کراچی فیضان علی نے بتایا ارشد پپو گروپ کے اڈے پر کارروائی کر کے گینگ وار کے نو ملزمان کو دھر لیا گیا ہے، ملزمان سے چوری کی 20 موٹر سائیکلیں، 50 کلو منشیات، 20 موبائل فون، 4 عدد پستولیں، ایک لاکھ روپے اور رکشہ برآمد کیا گیا ہے، یہ ملزمان دیگر جرائم میں بھی مطلوب تھے۔
چھاپا گزشتہ رات مخبر کی اطلاع پر مارا گیا، اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گینگ وار ارشد پپو گروپ کے متعدد کارندے جہان آباد لاشاری محلے میں واقع اڈے پر موجود ہیں، چھاپے کے دوران ایک ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت بلال عرف بلا ولد محمد اقبال، محمد مبارک ولد طفیل، سمیر ولد عبدالرحمان، سید مرین شاہ ولد میاں جان شاہ، عامر سواتی ولد صلاح الدین، علی یاسر ولد حاجی عبدالرحمان، ماجد ولد اسلام الدین، شعیب ولد فاروق، جہانزیب ولد رفیق کے ناموں سے ہوئی، جب کہ فرار ملزم کی شناخت اکرم ولد نامعلوم کے نام سے ہوئی ہے۔
کراچی : جعلی پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نشے کے عادی افراد کو چوری شدہ موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کے عوض نشہ فراہم کرتے ہیں، جب کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد رکشہ منشیات سپلائی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمدہ موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
گرفتار ملزمان پیشہ ور عادی جرائم پیشہ ہیں، جو اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔