کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال مبینہ ٹاؤن تھانے کے قریب اسکول کے بچوں پر گاڑی چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں دونوں بچے زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں تیز رفتار کار دو بچوں پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں 2 بچے زخمی ہوگئے، پولیس نے ڈرائیور اور گاڑی کو تھانے منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ کار کے بریک فیل ہونے کے نتیجے میں پیش آیا، دونوں بچے اسکول یونیفارم میں تھے۔
حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے بچوں کی شناخت 11 سالہ فہد اور 10 سالہ فرقان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچوں کو حادثے میں شدید چوٹیں آئی ہیں، ایک بچے کی حالت تشویش ناک ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: بلوچ کالونی پل پر خوفناک حادثہ، بھائی جاں بحق، 2 بہنیں زخمی
حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کا نام مسعود بتایا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو ایف آئی آر کاٹنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریق تصفیہ پر راضی ہیں لیکن پولیس ایف آئی آر کاٹنے کی دھمکی دے رہی ہے۔
ادھر حسن اسکوائر کے قریب ٹریفک حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو اداروں کی جانب سے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔