کراچی : پولیس نے گھر میں 17 سالہ لڑکی کے قتل کا معمہ حل کرلیا، قاتلہ مقتولہ کی ممانی نکلی ، ملزمہ نے اعتراف کیا گھر میں چوری کے دوران بھانجی نے دیکھ لیا تھا، جس پر اسے گلا گھونٹ کرقتل کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تھانہ پی آئی بی کالونی کی حدود میں 17 سالہ لڑکی کے قتل کا معمہ حل کرلیا گیا ، فہد علی نے گھرمیں ڈکیتی کے دوران بہن کے قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
پی آئی بی کالونی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز ٹیکنیکل اور دیگرذرائع سے کیا ، مدعی مقدمہ فہد علی نے بیان میں 4 اشخاص پرشبہ بھی ظاہر کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی ممانی مہناز عرف ببلی نے گھناؤنے جرم کا اقرار کرلیا اور ملزمہ کے شوہر نے بھی پولیس کو بیوی کے اعتراف جرم کا بتایا۔
جس کے بعد پی آئی بی کالونی پولیس نے ملزمہ کو فوری گرفتارکیااور تفتیش شروع کی اور بتایا کہ ملزمہ نے اعتراف کیا وہ چوری کی نیت سے نندکے گھر میں دروازے کا لاک توڑ کر داخل ہوئی، دوران ڈکیتی اس کی بھانجی فضا نیند سے بیدار ہو گئی اور اسے دیکھ لیا، مقتولہ کے جاگنے پر ملزمہ نے ہتھوڑی سے اسکے سر پر وارکئے اور گلا گھونٹ کرقتل کیا۔
ملزمہ نے مزید بتایا اس نے زیوارت چوری کئے، جس میں سے کچھ بیچ دیئے باقی گھر پرموجود ہیں، پی آئی بی کالونی پولیس نے ملزمہ سے آلہ قتل اور زیورات برآمد کرلئے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمہ کا بیان مقتولہ کے میڈیکل رپورٹ سے مطابقت رکھتا ہے تاہم ملزمہ کا ڈی این اے سیمپل ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا ہے۔