سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے شہر قائد کراچی سے پانی کی ترسیل کرنے والے ٹینکر مافیا کے خاتمے کا وعدہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے کراچی والوں سے وعدہ کر لیا ہے یہ کہتے ہوئے کہ ’’کراچی والو! نواز شریف وزیر اعظم بنا تو ٹینکر مافیا کا خاتمہ کر دیں گے۔‘‘
انھوں نے کہا سڑکوں پر چمچماتی گاڑیاں فراٹے بھریں گی، کھربوں روپے ٹیکس دینے والے شہر کو پینے کا پانی تک نہیں ملتا، ہم اقتدار میں آئے تو نلکوں میں پانی آئے گا، شہر قائد میں ٹرانسپورٹ کا نظام دیہات سے بھی بدتر ہے، اسے بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف دوبارہ وزیر اعظم بنے تو کراچی میں پینے کے پانی کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا، انھوں نے کہا میں صدر نہیں ہوں، شہباز شریف ہوں، نواز شریف کا سپاہی ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انھوں نے کراچی کے پانی کے منصوبے کے لیے بجٹ میں رقم مختص کی تھی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم بھی اس میں شامل تھیں، ہم نے اگر لاہور میں 11 ماہ میں میٹرو بنائی تو گرین لائن کو 5 سال کیوں لگے؟ انھوں نے کہا میں نے حلقہ این اے 242 سے کاغذات جمع کروائے ہیں اجازت دیں گے تو الیکشن لڑوں گا، اگر نواز شریف کو کامیاب کروایا تو کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کریں گے۔