کراچی: سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے تجاوزات کیس میں عبوری تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی کو ریاست کی فوری توجہ کی اشد ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے تجاوزات کیس میں عبوری تحریری فیصلہ جاری کر دیا، عبوری حکم نامہ 16 صفحات پر مشتمل ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے بغیرتعلیم حاصل کی جا سکتی ہے، کاروبار نہ کچھ اور، آرٹیکل 3 شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنےکی ضمانت دیتا ہے، شہری موٹرسائیکل پر فیملی کی جان خطرے میں ڈال کر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ کراچی کو ریاست کی فوری توجہ کی اشدضرورت ہے، کیماڑی سے لانڈھی تک ریلوے کی دونوں جانب قبضے کیے گئے، شادی ہالز، دفاتر، پیٹرول پمپس بنائے گئے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ریلوے قوانین ریلوے کی زمین پر ہاؤسنگ سوسائٹیز بنانے کی اجازت نہیں دیتا، ریلوے کی زمین پر ہر قسم کی غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، پیٹرول پمپس ہوں، دفاتر یا ہاوسنگ سوسائٹیز، سب ختم کی جائیں۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ جمہوریت کا مطلب آزادی،مساوات، برداشت ،سماجی انصاف کا نام ہے، صاف پانی اور سول انفراسٹرکچر شہریوں کا بنیادی حق ہے، شہریوں کا منزل تک سفر محفوظ بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ریلوے سے تعاون کرنےکی ہدایت کی ہے۔