کے الیکٹرک نے نارتھ ناظم آباد کے بلاک بی میں 1600 سے زائد صارفین کو چوبیس گھنٹے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے دائرے میں شامل کرلیا۔
کے الیکٹرک کے مطابق اس سے قبل یہ علاقہ یومیہ 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ سے متاثر ہوتا تھا۔ بلاک بی، ان علاقوں میں تازہ ترین اضافہ ہے جنہیں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
مئی میں کیے گئے پچھلے جائزے کے بعد نصرت بھٹو موڑ، منگھوپیر روڈ، اور نارتھ کراچی کے سیکٹرز 5-سی تھری، فائیو-سی فور اور گیارہ اے سمیت دیگر کئی علاقے بھی اپ گریڈ کیے جا چکے ہیں۔
یہ پیشرفت اس علاقے میں بلند تکنیکی و تجارتی نقصانات (اے ٹی اینڈ سی) کے تدارک کے لیے مرتب کی گئی ایک جامع تکنیکی حکمت عملی کے ذریعے ممکن ہوئی۔
کے الیکٹرک حکام کے مطابق بنیادی ڈھانچے میں بہتری، مقامی نمائندوں اور صارفین کے تعاون سے بجلی کی ترسیل کو بہتر بنایا گیا تاکہ مستحکم سپلائی یقینی بنائی جا سکے۔
کراچی اور اس کے گرد و نواح میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر کے-الیکٹرک کی ذمہ داری ہے اور شہر کے پہلے سے 70 فیصد سے زائد لوڈشیڈنگ سے پاک علاقوں میں ایک اور اہم علاقے کی شمولیت ادارے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
اس موقع پر ترجمان کے-الیکٹرک کا کہنا تھا، نارتھ ناظم آباد کے بلاک بی میں 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کا آغاز اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تکنیکی مہارت اور عوامی اشتراک سے کیا کچھ ممکن ہو سکتا ہے۔ ہم اپنے صارفین کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہیں اور یہ سنگ میل ہمارے دائرہ کار میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے عزم کا مظہر ہے۔
کے-الیکٹرک شہر بھر میں قابل بھروسا بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور تکنیکی بہتری کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ اے ٹی اینڈ سی نقصانات میں کمی اور گرڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ادارے کی مربوط حکمت عملی صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کی وسیع تر پالیسی کا حصہ ہے۔