کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں بس نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی میں پیش آیا ہے بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت 12 سالہ عاطف اور 25 سال عثمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ورثا کا کہنا ہے کہ عثمان، عاطف مدرسے کے طالب علم ہیں اور اجتماع میں شرکت کے لیے جارہے تھے، دونوں چچازاد بھائی اور نصرت بھٹو کالونی کے رہائشی تھے۔
حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے سخی حسن میں ہائیڈرنٹ کے قریب ایک بے قابو ٹینکر کے ڈی اے فلیٹس کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہو گیا تھا، اس کی زد میں آنے والی 3 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ٹینکر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو گیا تھا، اور ہائیڈرنٹ کے قریب رہائشی فلیٹس کی دیوار میں جا گھسا تھا، جس سے دیوار ٹوٹ گئی، اور تین گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔
حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور فرار ہو گیا، جب کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، شہریوں نے متعلقہ تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ہے۔
واضح رہے کہ یکم جنوری سے اب تک سال رواں میں کراچی میں قاتلوں کی طرح دندناتے ڈمپروں، ٹینکروں، ٹرکوں اور بسوں نے 107 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، جب کہ درجنوں زخمی اور کئی زندگی بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔