اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

کراچی: مخدوش عمارت سے لوگوں کو نکالنے کا عمل جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان چوک پر مخدوش عمارت سے لوگوں کو نکالنے کے لیے کارروائی دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔ تاحال اسنارکل کے ذریعے 4 افراد کو نکال لیا گیا۔ رہائشیوں کی بڑی تعداد نے عمارت چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رات گئے پاکستان چوک میں واقع مخدوش عمارت کا زینہ اچانگ گر پڑا۔ واقعہ کے بعد عمارت سے لوگوں کو نکالنے کے لیے اسنارکل طلب کرلی گئی لیکن رہائشیوں نے عمارت سے باہر آنے سے انکار کردیا۔

رہائشیوں کا کہنا تھا کہ پائی پائی جوڑ کر گھر خریدا تھا، اب کہاں جائیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت متبادل جگہ فراہم کرے یا بلڈرز سے پیسے واپس دلوائے۔

- Advertisement -

مکینوں کے انکار پر ریسکیو آپریشن روک دیا گیا اور اسنارکل بھی واپس بھیج دی گئی تھی تاہم دوپہر میں ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا۔ تاحال 4 افراد کو عمارت سے باہر نکال لیا گیا ہے لیکن مکینوں کی بڑی تعداد اب بھی عمارت کے اندر موجود ہے جو باہر آنے سے انکاری ہے۔

دوسری جانب وزیر بلدیات جام خان شورو کا کہنا ہے کہ مخدوش عمارتوں کے مکین نوٹس جاری ہونے کے باجود گھر چھوڑنے کو تیار نہیں ہوتے۔

ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کا کہنا ہے کہ اولڈ سٹی ایریا کی مخدوش عمارت میں 20 سے 22 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ مکین باہر آجائیں، انہیں متبادل رہائش یا نئی رہائش کے لیے امداد فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سندھ بلڈنگ اتھارٹی نے 2 ماہ پہلے اس عمارت کو مخدوش قرار دیتے ہوئے مکینوں کو بلڈنگ خالی کرنے کی ہدایت کر دی تھی۔ مکینوں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ انہیں رہائش کے لیے متبادل جگہ فراہم کی جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں