کراچی : حساس اداروں نے کراچی کے گلبہار تھانے کی حدود میں کاروائی کرکے سانحہ بارہ مئی میں ملوث ٹارگٹ کلر فرحان کو گرفتار کرلیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی سیکیوٹی فورسز نے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی گلبہار تھانے کی حدود میں حساس اداروں کی کارروائی میں ٹارگٹ کلر فرحان چکنا پکڑا گیا، ذرائع کے مطابق سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا ملزم لیاقت آباد میں ٹارگٹ کلنگ سمیت سانحہ بارہ مئی اور پختونوں کی قتل وغارت گری میں ملوث رہا ہے۔
کراچی سرچ آپریشن اور چھاپے ، 36 افراد گرفتار
دوسری جانب رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن اور چھاپوں کے دوران 36 افراد کو حراست میں لے لیا، جن میں 4ملزمان بھی شامل ہیں، گرفتارملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد کئے گئے۔
پیرآباد پولیس نے منگھو پیر روڈ کنواری کالونی میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرنے کے بعد گھر گھر تلاشی کے دوران 30مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران 2پستول بھی برآمد کیے گئے جب کہ زیرحراست افراد سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔
فیڈرل بی ایریا بلاک16 کےعلاقے یوسف پلازہ کے اطراف میں بھی پولیس نے سرچ آپریشن کیا اور 2 افراد انوار اور نواز کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا جب کہ بریگیڈ پولیس نے مقابلے کے بعد 2ملزمان لیاقت علی اور محمد احسان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور 2ہینڈ گرینیڈ برآمد کرلیے۔
اسی دوران الفلاح پولیس نے بھی 2اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر پولیس اہل کار مظہر علی بھٹی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔