کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز اور پولیس پر کریکر سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار شہید اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں اسنیپ چیکنگ کے دوران رینجرز اور پولیس پر کریکر حملہ کیا گیا، کریکر حملے میں ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حملے میں تین شہری بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں رینجرز موبائل، کار اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کردئیے۔
ایس ایس پی ویسٹ سوہائے عزیز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا ٹارگٹ رینجرز موبائل تھی، جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہے ہیں، ابتدائی تحقیقات سے لگتا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔