کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین بچوں کا باپ جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر فائیو ای میں ڈاکوؤں نے موبائل چھین کر بھاگتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 38 سالہ شہری کاشف حسین جاں بحق ہوگیا۔
مقتول کے تین کم عمر بچے ہیں جن میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
کاشف حسین کے قتل کا مقدمہ پیر آباد تھانے میں بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
ادھر گلشن اقبال، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔
پہلا واقعہ ناظم آباد گول مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں رئیل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ راشد 9 سالہ بچی کو اسکول چھوڑنے آیا تو پہلے سے تاک میں موجود ملزم نے باپ بیٹی کے سرپر گولیاں ماریں اور فرار ہوگیا، فائرنگ سے راشد مجید جاں بحق اور بچی آمنہ شدید زخمی ہوگئی۔
دوسرا واقعہ گلشن اقبال راشد منہاس روڈ جبکہ تیسرا نارتھ ناظم آباد میں پیش آیا، دونوں واقعات میں ملزمان موٹرسائیکل چھین کر لے گئے اور مزاحمت پر گولیاں برسادی۔ گلشن میں 30 سالہ کامران جاں بحق جبکہ نارتھ ناظم آباد میں سگے بھائی رفاقت اور سخاوت زخمی ہوگئے۔