جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کراچی : پانی کے جھگڑے نے دو افراد کی جان لےلی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پانی کی قلت نے کراچی میں خون بہانا شروع کردیا۔ ناظم آباد میں موٹر لگانے پر بھائی نے فائرنگ کرکے بھائی اور اس کے بیٹے کا خون کر دیا،فائرنگ کے واقعے میں دو افراد جاں بحق تین زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ناظم آباد کے علاقے چھوٹا میدان میں پانی کی موٹر لگانے پر دو بھائیوں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جو بڑھتے بڑھتے ہا تھا پائی تک جا پہنچی۔

اس دوران ایک بھائی نے پستول نکال کر اپنے بھائی اور بھتیجے کو فائرنگ کر کے مار ڈالا اور پانی کے تنازع نے خون پانی کی طرح بہا دیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔مقتولین کے نام عبداللہ اور عبدالوہاب ہیں، فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ شہری ٹینکرمافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے۔رہی سہی کسر ٹینکر مافیا نے پوری کردی۔ واٹرٹینکرز نے زمین کو چوسنا مزید تیز کردیا۔پانی کے بحران کے باعث شہری ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

ٹینکر مافیا نے پیاسے شہریوں کا خون چوسنے کے لیے فی ٹینکر کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔ پانی کی قلت کےشکار علاقوں میں ایسے لوگ بستے ہیں جو تین سے آٹھ ہزار روپے میں واٹر ٹینکر نہیں خرید سکتے۔

دوسری جانب واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کراچی نے کہا ہے کہ اس تنازعے سے واٹر بورڈ کا کوئی تعلق نہیں، دونوں بھائی مل کر غیر قانونی لائنوں سے پانی چوری کرکے ایک کمپنی کو فروخت کرتے تھے، مقتول اس قبل قتل کے واقعے میں نامزد ہوچکا ہے،واٹر بورڈ متعدد بار شہر بھر میں پانی کی چوری کی نشاندہی کرچکا ہے۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں