کراچی: کراچی میں چند دن قبل پاپوش قبرستان کے قریب سے انسانی دھڑ اور ہاتھ ملنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، اس سلسلے میں مزید پیش رفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شوہر کا دھڑ پھینکنے کے بعد پاپوش نگر کے قبرستان سے قتل کی ملزمہ فیروزہ کے فرار کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے رہائشی مقتول شہباز خان اچکزئی کے قتل میں ان کی بیوی اور اس کے دوست ملوث نکلے ہیں، فیروزہ لاش ٹھکانے لگانے کے بعد اختر کے پاس آئی اور اس سے پیسے اور کپڑے لے کر چمن فرار ہو گئی، ملزمہ کا سی ڈی آر ڈیٹا حاصل کر کے مزید ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں فیروزہ کو لاش پھینکنے کے بعد قبرستان سے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جو برقعے میں ملبوس ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول پیر آباد کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ اور رکشہ ڈائیور تھا، پولیس نے قتل میں سہولت کاری کرنے والے ملزم اختر کو پہلے ہی گرفتار کر لیا ہے، جس نے دوران تفتیش اعتراف جرم کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول کی بیوی فیروزہ سے گھریلو جھگڑے ہوتے تھے اور فیروزہ کی کئی مردوں سے دوستی تھی، فیروزہ نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا اور لاش کے ٹکڑے دو مقام پر پھینک دیے، لاش کا ایک حصہ ملزمہ بیوی اور ایک اس کے دوست نے پھینکا تھا۔