کراچی : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرعلامہ طاہر القادری نے دعویٰ کیا ہے کہ کلبھوشن یادیو کے ٹیلی فون کالز کا سُراغ رمضان شوگر مل سے ملا تھا۔ شریف برادران ملکی سالمیت کیلیے خطرہ ہیں، تین ستمبر کو راولپنڈی میں اپنے فائنل ایونٹ کا اعلان کروں گا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی میں تحریک قصاص کی احتجاجی ریلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا، علامہ طاہرالقادری نے کہا کہ حکمراں خاندان کی شوگر ملوں میں اس وقت بھارت کے چھپن باشندے کام کر رہے ہیں جنہیں کوئی ہاتھ تک نہیں لگا سکتا۔
Protest to be staged in Rawalpindi on Sept 03… by arynews
انہوں نے شریف برادران کو ملکی سالمیت کیلیے خطرہ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کی کڑیاں رمضان شوگر مل سے ملتی ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کراچی کی سرزمین گالی دینے والوں کو قبول نہیں کرے گی، لندن سے گالی اتفاقاً جاری نہیں ہوئی بلکہ اسلام آباد سے ڈیمانڈ کی گئی تھی، باقاعدہ ڈرافٹ جاری ہوا، پاکستان کو گالی دی گئی، وزیراعظم کے لب سلے ہوئے ہیں، آج پاکستان کے وجود کو انصاف نہیں مل رہا، حکمران ملک دشمنوں کے ایجنٹ ہیں۔
عوامی تحریک کے قائد نے تین ستمبر کو راولپنڈی میں تحریک سالمیت اجلاس بلانے کا بھی اعلان کیا، طاہرالقادری کا خطاب سننے کیلئے کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر سیکڑوں کی تعداد میں کارکنان جمع تھے، اس موقع پر شیخ رشید بھی اسٹیج پر موجود تھے۔