جمعرات, مارچ 20, 2025
اشتہار

تھانے کی پرائیویٹ پارٹی نے شہری کو رشوت کے لیے اٹھا لیا، ویڈیو سامنے آ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے ایک تھانے کی پرائیویٹ پارٹی نے شہری کو رشوت کے لیے اٹھا لیا، محلے میں کسی نے واقعے کی ویڈیو بنا لی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ضلع ملیر کے شاہ لطیف تھانے کی جانب سے مبینہ طور پر اسپیشل پارٹیاں بنائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جو شہریوں کو گھروں سے بلاوجہ اٹھا کر اہل خانہ سے بھاری رقم طلب کرتی ہیں۔

ملیر پولیس نے ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، شاہ لطیف تھانے کے اہل کار خود غیر قانونی کام کرنے لگے ہیں، شاہ لطیف تھانے کی ایک پرائیویٹ ٹیم نے ایک شہری کو گھر سے اٹھا لیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا ہے، پولیس کی اسپشل پارٹی نے شہری عبدالغنی کو گھر سے اٹھایا اور اہل خانہ سے اس کی رہائی کے لیے رقم طلب کی گئی۔

زوجہ عبدالغنی نے سپریم کورٹ اور ایڈیشنل آئی جی کو درخواست لکھ کر کہا ہے کہ ان کے خاوند کو پولیس اغوا کر کے لے گئی، میرا شوہر گھر پر موجود تھا، شام کو ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن ممتاز خان مروت نے ہمارے گھر پر دھاوا بولا اور شوہر کو لے گئے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او ممتاز خان مروت کے ساتھ 10 نا معلوم افراد بھی تھے، تمام افراد کار اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، دیگر افراد نے ڈھاٹے باندھ رکھے تھے، جب کہ گاڑی کالے رنگ کی تھی اور اس کا نمبر AML-284 تھا۔

اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں ڈھاٹے باندھے موٹر سائیکل سواروں کو دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج میں سیاہ رنگ کی کار کا نمبر بھی نظر آتا ہے۔

شہری عبدالغنی کی زوجہ نے بتایا کہ انھیں دھمکیاں دی گئی ہیں کہ عبدالغنی کو فل فرائی کر دیں گے، یا منشیات کے جھوٹے مقدمات میں فٹ کر دیں گے۔

متاثرہ خاتون نے سپریم کورٹ اور اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شوہر کو پولیس کی غیر قانونی حراست سے بازیاب کرایا جائے۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں