کراچی : پولیس نے باپ کے سامنے بیٹے کو قتل کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم نے مبینہ ڈکیتی کے دوران شہری کو گولیاں مار کر قتل کیاتھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے باپ کے سامنے بیٹے کو قتل کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا، تفتیشی ٹیم نے ٹیکنیکل اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے مبینہ ڈکیتی کےدوران شہری کو گولیاں مار کر قتل کیاتھا، ڈکیتی کا واقعہ 20ستمبر کو موسمیات کے قریب پیش آیا تھا۔
یاد رہے گذشتہ ماہ یونیورسٹی روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر باپ کے سامنے بیٹے کو قتل کردیا گیا تھا،جس کے بعد افسوسناک واقعے کا مقدمہ مقتول عمیر بٹ کے والد سرفراز بٹ کی مدعیت میں مبینہ ٹاون تھانے میں درج کیا گیا۔
مقتول کے والد نے بتایا یونیورسٹی روڈ پر دوائی اور فروٹ لینے کے لیے رکے، 2موٹرسائیکل پر سوار 4 ملزمان آئے اور اسلحہ نکال لیا اور مجھ سے موبائل اور 15 ہزار روپے چھینے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ میرا بیٹا عمیر کار میں جیسے ہی جھکا تو ملزمان نے فائرنگ کردی ، فائرنگ سے میں بچ گیا بیٹا نا بچ سکا۔
والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کو مزاحمت پر میرے سامنے قتل کردیا گیا، واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔