اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

کراچی پولیس کی کارروائی، غیر اخلاقی گروپ چلانے والا کارندہ گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ پولیس نے کلفٹن کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیراخلاقی گروپ چلانے والا کارندہ گرفتار کرلیا، ملزم فیس بک پر غیراخلاقی پیج چلا رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈرٹی نائٹس گروپ کا کارندہ گرفتار کرلیا ہے، ملزم ارسلان قمر ڈانس پارٹی کراتا تھا۔

اے ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز نے کہا کہ ملزم سوشل میڈیا پر مہم چلا رہا تھا، ملزم کو خیبر ہوٹل سے گرفتار کیا گیا ہے، کلفٹن میں نوجوان سب سے زیادہ متاثر ہورہے تھے، جرائم سے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا جس کا نام ریسکیوئنگ یوتھ سیونگ فیوچر ہے۔

اے ایس پی کے مطابق سوشل میڈیا پر ڈرٹی نائٹ کے حوالے سے ایک پیج چل رہا تھا، ڈرٹی نائٹ میں سوشل میڈیا پر نوجوان جوڑوں کو مدعو کیا گیا تھا، ایونٹ کا ٹکٹ 25 ہزار روپے تھا، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں دو افراد کو ٹکٹ فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایونٹ کا مقصد نوجوان جوڑوں کو بلا کر ان سے پیسے لوٹنا تھا، ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس سے پہلے بھی اس قسم کے جعلی پروگراموں کی سوشل میڈیا پر تشہیر کرکے ہزاروں روپے بٹور چکا ہے۔

ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔

اے ایس پی کلفٹن کے مطابق ایک دوسری کارروائی میں 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم شہزاد ولد محمد اسلم سے ایک کلو ڈھائی سو گرام چرس برآمد کرلی گئی جبکہ دوسرے ملزم عبدالغیاث ولد عبداللہ خان سے ایک کلو پچاس گرام چرس برآمد ہوئی ہے، ملزم کلفٹن ڈویژن میں منشیات فروشی کے کاروبار میں سرگرم تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں