کراچی : سندھ پولیس نے نیپا چورنگی کے قریب کارروائی کرکے ایوب نامی انتہائی مطلوب بھتہ خور کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی جانب سے شہریوں کے تحفظ کےلیے جرائم پیشہ افراد کے خلاف پے در پے کارروائیاں کی جارہی ہیں، اسی سلسلے میں پولیس نے نیپا چورنگی کے قریب کارروائی کی ہے جس میں انتہائی مطلوب بھتہ خور کو گرفتار کیا گیا ہے۔
نیپا سے گرفتار ہونے والا ایوب نامی بھتہ خور متعدد وارداتوں میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھا، جس نے ایک ماہ قبل یونیورسٹی روڈ پر بلڈر سے بھی بھتہ مانگا تھا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم نے بلڈر کو بھتے کی پرچی اور پستول کی گولیاں بھیجی تھیں، بھتہ مانگنے میں ملوث ملزم کے دو ساتھی پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ گرفتار ملزم اور ساتھیوں کا تعلق احمد علی مگسی گروپ سے ہے، ملزمان ٹاور کے قریب ہوٹل اور آٹا چکی پر فائرنگ میں بھی ملوث ہیں۔