کراچی :عزیزآباد میں چھریوں کے وار سے دوخواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے،دوسری جانب پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران چارملزمان کو گرفتار کرلیا.
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد چار نمبر پر چھریوں کے وار سے دوخواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے،زخمیوں کو طبی امداد کےلیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت الیاس،صنوبر اور سائرہ کے ناموں سے کرلی گئی.
پولیس کے مطابق واردات میں ملوث عادل نامی ملزم کو گرفتار کرلیاگیا ہے واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے.
ڈیفنس فیز ٹو میں پولیس مقابلے کے دوران زخمی سمیت 2 ملزموں کو گرفتار کرلیاگیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم دانش اور سمیر کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائکل بھی برآمد کرلیئے گئے ہیں، ملزمان مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے.
دوسری جانب کورنگی زمان ٹاون میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ ہوا،مقابلے کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا.