کراچی : کراچی پولیس چیف نے شیشہ بارز کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شیشہ بارزنوجوان نسل کو تباہ کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے شیشہ بارز کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے شیشہ بارز اور ایسی سہولت فراہم کرنے والے ہوٹلز بند کرنے کی ہدایت کردی۔
کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ شیشہ بارزنوجوان نسل کوتباہ کر رہے ہیں، سپریم کورٹ نے بھی شیشہ بارز پر پابندی کےاحکامات دے رکھے ہیں، عدالتی احکامات پرعمل کرتے ہوئے کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی امیرشیخ نے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو ہدایت کردی ہے۔
یاد رہے 2015 میں سپریم کورٹ نے ملک بھر میں میں شیشہ بارز کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سپریم کورٹ کے احکامات پرعملدرآمد کے لئے کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی نے شہر میں قائم شیشہ کیفے فی الفور بند کرانے کے احکامات جاری کئے تھے۔
سال 2016 میں سپریم کورٹ نے شیشہ درآمد کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔