کراچی : کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے کہا کہ چینی قونصل خانہ حملے میں ملوث مزید سہولت کاروں کوگرفتار کرلیا ہے ، ، چینی قونصل خانے پر حملے کی تحقیقات کو سی ٹی ڈی لیڈ کررہی ہے، جوں ہی پیش رفت ہوگی اس کے بارے میں بتائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی قونصل خانہ حملے میں ملوث مزید سہولت کاروں کوگرفتار کیا ہے، دہشت گرد کس ہوٹل میں ٹھہرے تھے، اس کاسراغ لگالیا ہے، ہوٹل سے کئی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔
امیر شیخ کا کہنا تھا کہ چینی قونصل خانے پر حملے کی تحقیقات کو سی ٹی ڈی لیڈ کررہی ہے، رینجرز، اینٹیلجس ایجنسیز اورپولیس بھی اس کیس میں کام کر رہے ہیں، جوں ہی پیش رفت ہوگی اس کے بارے میں بتائیں گے، روزانہ کی بنیاد پر سی ٹی ڈی سے معلومات اور پیش رفت کے بارے میں پوچھ گچھ کرتا ہوں۔
اس سے قبل پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چینی قونصلیٹ پرحملے میں ملوث 2 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا ،ایک سہولت کارکو کراچی جبکہ دوسرے کو شہدادپورسے گرفتارکیا۔
مزید پڑھیں : چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث 2 مبینہ سہولت کار گرفتار
انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ چینی قونصلیٹ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی اور اس کے پیچھے ’را‘ کا ہاتھ ہے۔
وزیرداخلہ بلوچستان سلیم کھوسہ نے چینی قونصلیٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ اسلم اچھو کی بھارت میں موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی اور این ڈی ایس نے دہشت گردوں کی مالی مدد کی، حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی اور این ڈی ایس کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
واضح رہے یاد رہے 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں دوپولیس اہلکار اور دو شہری شہید ہوئے جبکہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا تھا۔