کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں گرفتار آصف بلوچ عرف مرزا کی تفتیشی رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، گرفتار ملزم کے خلاف دہشت گردی اور مقابلوں سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات مبینہ مقابلے میں گرفتار آصف بلوچ عرف مرزا کی تفتیشی رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ پولیس کے مطابق ملزم قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اشتہاری اور مفرور بھی ہے، ملزم آصف بلوچ کا تعلق بلوچ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن سے ہے۔ آصف بلوچ اور مرزا بلوچ نیشنل پارٹی مینگل گروپ کے سرگرم کارکن بھی رہے۔
تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم آصف بلوچ لیاری گینگ وار کمانڈر تاجو کے لیے بھی کام کرتا تھا، ملزم جہانگیر روڈ، گرو مندر، لسبیلہ سے بھتہ اکٹھا کر کے لیاری پہنچاتا تھا۔ ملزم نے 2011 میں جہانگیر روڈ یوٹیلیٹی اسٹور پر امجد بلوچ کو قتل کیا تھا۔
سنہ 2011 میں گینگ وار کے وقار اور حامد نے ملزم کے ساتھ ارشد چیتا کو قتل کیا، آصف بلوچ نے بدلے میں دونوں کو قتل کر کے لاشیں لیاقت آباد میں پھینکیں۔ سنہ 2012 میں آصف بلوچ نے عتیق نامی لڑکے کو جہانگیر روڈ پر قتل کیا۔
رپورٹ کے مطابق سنہ 2013 میں ملزم آصف نے امجد بلوچ کے والد کو لیاقت آباد پل پر قتل کیا۔ ملزم کے خلاف متعدد مقدمات کی تفصیل پولیس نے حاصل کرلی ہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف دہشت گردی اور مقابلوں سمیت دیگر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔