کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 انتہائی مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، ایک اور کارروائی میں چوری و ڈکیتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ کراچی کے حیدری پریمیئر کالج کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے پکوان سینٹر میں ڈکیتی کی تھی، ملزمان نے جاتے جاتے دکاندار کو گولی مار کر قتل کردیا تھا، واردات میں استعمال شدہ پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، گرفتار ملزمان کی شناخت نبی بخش اور علی کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کے 2 ساتھی مفرور بھی ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے تین ہٹی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 1 ملزم گرفتار کرلیا۔ ملزم حیدر علی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم نے چوری اور ڈکیتی کی 150 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا، ملزم نے خاتون سے موبائل فون چھینا جس کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارہے جارہے ہیں۔