کراچی : کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو ہلاک جبکہ 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، اورنگی ٹاؤن میں شوہر نےگولی مار کر بیوی کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر5میں زمان ٹاؤن پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے3 پستول اور 2 موٹرسائکلیں برآمد لرلی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ٹیم ملزمان موجودگی کی خفیہ اطلاع پر جائے وقوعہ پر پہنچی تھی، ملزمان سوکوارٹر فٹبال گراؤنڈ کے قریب موجود تھے۔
ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش میں فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم مارا گیا، مزید قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن قصبہ اسلامیہ کالونی میں فائرنگ سے ایک خاتون کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کردیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق خاتون کی شناخت 45سالہ ذکیہ کے نام سے ہوئی، مقتولہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم عادی جرائم پیشہ اور نشے کا عادی ہے، جو واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ملزم اس سے قبل بھی جیل جاچکا ہے۔
علاوہ ازیں کورنگی مہران ٹاؤن شیطان چوک کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، متوفی نوجوان شناخت 18 سالہ محمد آصف کے نام سے ہوئی ہے، متوفی نوجوان کو دکان بند کرنے کے دوران شٹر سے کرنٹ لگا۔