کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد سجاد نامی ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ پولیس اہل کار محمد شاہد کے قتل میں ملوچ تھا۔
پولیس حکام کے مطابق اہل کاروں نے گلستان جوہر میں مشتبہ افراد کو مشکوک جان کر روکنے کی کوشش کی تو انھوں نے فائرنگ کر دی، پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، جس کی شناخت سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کے 2 ساتھی فرار ہو گئے، ملزم نے گلستان جوہر تھانے کی حدود میں مقابلے میں اہلکار شاہد کو قتل کیا تھا، پولیس مقابلے کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج تھا۔
ملزم کے دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، گرفتار ملزم سے ایک پستول برآمد ہوا، اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔