تازہ ترین

کراچی پولیس آفس حملہ، اجمل مسیح کے اہلخانہ شدت غم سے نڈھال

فیصل آباد: کراچی پولیس آفس (کے پی او) حملے میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے خاکروب اجمل مسیح بھی جان سے گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پولیس آفس حملے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اجمل مسیح فیصل آباد کے نواحی گاؤں کے رہائشی تھے۔

اجمل مسیح کے سوگوار خاندان میں بیوہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں جبکہ ان کی بیٹی مونیکا اور بیٹا آکاش نویں جماعت کے طالبعلم ہیں، دس سالہ بیٹا وقاص چوتھی، 7 سالہ نقاش پریپ میں زیر تعلیم ہیں۔

بیوہ روبینہ نے بتایا کہ اجمل نے کرسمس خاندان کے ساتھ گاؤں میں گزاری وہ وہ ایک ماہ کی چھٹی کے بعد 20 جنوری کو واپس کراچی آگئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی سہ پہر اجمل نے ویڈیو کال پر بات کی تھی وہ فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی وجہ سے بہت خوش تھے وہ اکثر ویڈیو کال پر دفتر دکھاتے رہے تھے ان کا آفس چوتھے فلور پر تھا۔

روبینہ نے بتایا کہ شوہر کی موت کی اطلاع رات ڈیڑھ بجے موصول ہوئی تھی۔

بیٹے کا کہنا تھا کہ والد کے دوست کا فون آیا تھا انہوں نے بتایا تھا کہ گولی لگی ہے۔

دوسری جانب سسر پاسٹر رزاق نے بتایا کہ اجمل کے والدین بچپن میں ہی وفات پاگئے تھے وہ والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور انتہائی ملنسار اور فرمانبردار تھا۔

Comments

- Advertisement -