کراچی: سابق وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر کی رہائشگاہ کا سیکیورٹی انچارج نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریا کی حدود میں نورس چورنگی کے نزدیک نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس افسر زخمی ہوگیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس افسر کی شناخت 47 سالہ محمد حنیف ولد مجید شاہ سے ہوئی، پولیس افسر کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق انسپکٹر سابق وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر کی رہائشگاہ پر سیکیورٹی انچارج ہے، ڈیوٹی ختم کرکےگھر جانیوالے انسپکٹر پر نورس چورنگی کے قریب فائرنگ کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انسپکٹر بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی اور ایس ایس یو سیکیورٹی ٹو حسن اسکوائر میں تعینات ہے، واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں ہے، فائرنگ کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔