کراچی: شہر قائد میں شہری اسٹریٹ کرمنلز کے حوالے کر دیے گئے ہیں، اور پولیس بااثر افراد کی شادیوں کے پروٹوکول میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد سے سرجانی ٹاؤن جانے والی بارات میں فائرنگ کی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں، جن میں پولیس کی سیکیورٹی میں شادی میں خودکار ہتھیاروں کے آزادانہ استعمال کو دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج کے مطابق بارات میں مسلح افراد نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا، بلڈر کی شادی کی تقریب میں علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا، اور لیاقت آباد اور سرجانی ٹاؤن پولیس ’سب اچھا ہے‘ کا راگ الاپتی رہی۔
ذرائع کے مطابق شادی میں مقیم نامی شخص بڑے ہتھیار سے ہوائی فائرنگ کرتا رہا، جب کہ پولیس نے شادی کی تقریب کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی۔
پولیس موبائل کو سادہ لباس اہل کاروں کے علاوہ پرائیویٹ افراد بھی استعمال کرتے رہے، اس سلسلے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پولیس موبائل کس تھانے یا افسر کی ہے، اس کے بارے میں علم نہیں ہے۔