کراچی : شہر قائد میں رات سے اب تک فائرنگ میں ایک شخص ہلاک اورایک زخمی ہوگیا ،مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے کاروائیاں کرتے ہوئے ایک درجن سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی ضیاء کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ لیاری میمن گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
لیاری کے علاقے سلاٹرہاؤس کے قریب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو حراست میں لے لیا، حراست میں لئے گئے چاروں افراد کا تعلق لیاری گینگ وار کے شیرازکامریڈ گروپ سے ہے۔
رینجرز نے ایک کارروائی کے دوران اہم دہشت گرد سلیم عرف ڈان کو گرفتار کرکے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان میں ملوث تھا، رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے دو ہزار آٹھ میں نارتھ کراچی،کورنگی اور منگھو پیر کے علاقوں سے نو عام شہریوں اور ایک دھاگے کے تاجر کو تاوان کیلئے اغواء کیا۔
ملزم نے انکشاف کیا کہ دو ہزار تیرہ اور چودہ میں شہر کے مختلف علاقوں سے آٹھ تاجروں سے بھتہ وصول کیا،دو ہزار چودہ میں ناظم آباد اور پہلوان گوٹھ میں زبردستی دکانیں اور مکان خالی کروائے، ملزم سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔
علاوہ ازیں لانڈھی پولیس نے الفلاح ،شاہ فیصل کالونی کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان قتل،بھتہ خوری ، لوٹ مار اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد ہوا ہے۔