اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

کراچی میں ڈکیتیوں میں افغان گروہ بھی ملوث ہے، پولیس رپورٹ میں انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پولیس نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شہرِ قائد میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں افغان گروہ بھی ملوث ہے جو آٹھ سال سے شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ایک افغان گروہ بھی کراچی میں ڈکیتیوں میں ملوث ہے جس کے 10 ارکان پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

پولیس رپورٹ کے مطابق یہ ڈکیت گروہ گھروں، دکانوں اور پٹرول پمپوں پر گزشتہ 8 سال سے ڈکیتیاں کر رہا ہے، گروہ کے 4 ملزمان مفرور ہیں جن کی تصاویر جاری کر دی گئی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان ڈکیت گروہ ڈکیتی کی وارداتوں کے لیے ٹویوٹا کرولا استعمال کرتا تھا، وارداتوں میں جرائم پیشہ گروہ نے بھاری اور چھوٹے ہتھیار بھی استعمال کیے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق گروہ کی ریکی کرنے والا کارندہ موٹر سائیکل پر ہر وقت موجود رہتا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک گروہ کے دس ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں:  کالی بھیڑوں کو سنبھلنے کا بہت موقع فراہم کیا، کراچی پولیس چیف


رپورٹ کے مطابق مفرور ملزمان میں سعید، شاداب، رؤف اور کامل شامل ہیں جو پولیس کو انتہائی مطلوب ہیں، پولیس کی جانب سے ان ملزمان کی تصاویر بھی جاری کی جا چکی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈکیت گروہ نے ایسٹ زون میں 20، ساؤتھ زون میں 14 وارداتیں کیں، جب کہ کراچی سینٹرل میں 13، ملیر میں17 اور کورنگی میں 16 وارداتیں کیں۔

حال ہی میں عہدہ سنبھالنے والے انسپیکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر امیر شیخ کا دعویٰ ہے کہ کراچی میں مجرمانہ کارروائیوں میں بالخصوص اسٹریٹ کرائمز میں بہت حد تک کمی لائی جا چکی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں