کراچی: قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا، مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران سنگین جرائم میں ملوث چالیس سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔
کورنگی زمان ٹاوٴن میں پولیس نے مقابلے کے بعد تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، شاہ محمد شاہو، رمضان اورکامران سے کلاشنکوف، رپیٹر اور دستی بم برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، بلوچ کالونی میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
رات گئے بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کیا، علاقے کے داخلی و خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی کے بعد پندرہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
بوٹ بیسن کے علاقے سے پولیس نے ڈکیتی اور قتل میں ملوث ملزم شاہد خان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم چالیس لاکھ کی ڈکیتی میں ملوث تھا جبکہ ملزم نے ڈیفنس کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران اپنے ساتھی کو قتل کیا تھا، لیاقت آباد سپر مارکیٹ سے پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیں ۔