آئی جی سندھ نے ٹک ٹاک بنانے والے پولیس ملازمین کیخلاف سخت ایکشن کے احکامات جاری کر دیے۔
انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام نبی میمن نے ایڈیشنل آئی جی کراچی، زونل ڈی آئی جیز و ایس ایس پیز کراچی کو احکامات جاری کیے ہیں۔
آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ بے ہودہ، ذومعنی وائس اوور، پلے بیک سانگ، بدلحاظی پر مشتمل ویڈیو پر کارروائی کی جائے ایسے پولیس ٹک ٹاکرز کیخلاف فی الفور محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پولیس اہلکاروں کا ڈیوٹی کے دوران ٹک ٹاک بنانے کا بڑھتا رجحان ، اصل ذمہ دار کون ؟
انہوں نے کہا کہ ایسی ویڈیوز بنا کر پولیس کی بدنامی کاباعث بننے والوں کی محکمے میں کوئی گنجائش نہیں، محکمہ پولیس ایک یونیفارم ڈسپلن فورس ہے پولیس وردی کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرد اور خواتین پولیس ملازمین کو ٹک ٹاک پر ویڈیو اپ لوڈ نہ کرنے کا پابند بنایا جائے ٹک ٹاک پر ویڈیو شیئر کرنیوالے پولیس ملازمین کیخلاف بھی انضباطی کارروائی یقینی بنائی جائے پولیس یونیفارم میں کسی بھی پلیٹ فارم سے ویڈیو بنانےکی ہر گزاجازت نہ ہو گی۔