کراچی: پریس کلب پر بنی ہوئی معروف سماجی شخصیات کی تصاویر کی درستگی اور انہیں ٹھیک کرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، یہ تصاویر مذہبی جماعت کے مظاہرے کے دوران خراب کی گئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق چند دن قبل مذہبی جماعت کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا جس میں شرکت کرنے والے کارکنان نے پریس کلب کی دیواروں پر بنی ہوئی تصاویر پر مذہبی نعرے تحریر کردیے تھے۔
پھول پتی پاکستان کی فیس بک پوسٹ کے مطابق پینٹنگز کی درستگی کا کام مشہور کارٹونسٹ فیکا کی مدد سے مکمل کیا جارہا ہے، پھول پتی نے فیس بک پوسٹ پر درست کی گئی تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں۔
خیال رہے کراچی پریس کلب کی دیواروں پر معروف سماجی شخصیات کی تصاویر بنائی گئی ہیں، جن میں خواتین کے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی پروین رحمان، زبیدہ مصطفیٰ، یاسمین لاری، فاطمہ ثریا بجیا اور سبین محمود کی پینٹنگز شامل ہیں۔