کراچی : تحریک انصاف اور مسلم لیگ نواز کے کارکنان آپس میں گتھم گھتا ہو گئے، دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے قائدین کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے کارکن مزار قائد پر ریلی میں شرکت کیلئے رلی کی صورت میں جارہے تھے کہ کراچی پریس کلب پر اس دوران پہلے سے موجود لیگی کارکنوں سے آمنا سامنا ہوگیا اور صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
دونوں جانب سے پارٹی قائدین کیخلاف شدید نعرے لگائے گئے، کشیدہ صورت حال کے پیش نظر پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی۔
پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان نے گو نواز گو کا نعرہ لگایا تو جواب میں نون لیگی کارکنان نے رو عمران رو کے زور دار نعرے لگائے۔
ایک موقع پر بات گالم گلوچ کے بعد ہاتھا پائی تک جا پہنچی، تاہم صورتحال پو پولیس نے جلد قابو پالیا اورکسی کارکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے، بعد ازاں پی ٹی آئی کی ریلی اپنے مقام کی جانب روانہ ہوگئی۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے کارکنان پرامن تھے،مخالفین کی جانب سے گالم گلوچ کی گئی۔ پی ٹی آئی کے کارکنان کی ریلی لیاری سے آرہی تھی جسے مزار قائد پہنچنا تھا۔